Wednesday, April 24, 2024

سپریم کورٹ نے دُعا زہرا کیس والد کی جانب سے درخواست واپس لینے پر نمٹا دیا

سپریم کورٹ نے دُعا زہرا کیس والد کی جانب سے درخواست واپس لینے پر نمٹا دیا
June 23, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - سپریم کورٹ نے دُعا زہرا سے متعلق کیس والد کی جانب سے درخواست واپس لینے پر نمٹا دیا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ کیس ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، درخواست گزار متعلقہ فورمز سے رجوع کریں۔

سپریم کورٹ میں دُعا زہرا کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا لڑکی کی والدین سے ملاقات کرائی گئی تھی۔ دعا کے والد نے بتایا کہ پانچ منٹ کے لیے چیمبر میں ملاقات کرائی تھی 15 سے 20 پولیس والے بھی موجود تھے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے میڈیکل رپورٹ کو چیلنج کیا ہے؟

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ سیکرٹری صحت کو اس حوالے سے خط لکھا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بچی نے دو عدالتوں میں جاکر بیان دیا کہ اس کو کسی نے اغواء نہیں کیا ہے۔ آپ کوئی ریلیف چاہتے ہیں توسول عدالت سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے دُعا زہرا کے والد کو کہا کہ آپ کے جذبات کا احساس ہے، بچی نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے اس کے بھی حقوق ہیں، آپ اور آپ کی کی بیگم بچی سے تسلی سے مل لیں پوچھ لیں اس پر کوئی دباؤ ہے یا نہیں۔ اگر پھر بھی بچی آپ کے ساتھ نہ جانا چاہیے تو پھر آپ کیا کریں گے؟

سپریم کورٹ نے درخواست گزار کی جانب سے درخواست واپس لینے پر کیس نمٹادیا۔ سپریم کورٹ نے دُعا زہرا کے والد مہدی کاظمی کو متعلقہ فورمز سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ متعلقہ کیس ان کے دائرہ کار میں نہیں ہے۔ میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے لیے مناسب فورم سے رجوع کرسکتے ہیں۔