Friday, April 19, 2024

سعودی عرب میں کورونا پابندیاں ختم، دنیا بھر سے عازمین رواں سال حج کرسکیں گے

سعودی عرب میں کورونا پابندیاں ختم، دنیا بھر سے عازمین رواں سال حج کرسکیں گے
March 12, 2022 ویب ڈیسک

مکہ (92 نیوز) - حج کے خواہشمند افراد کیلئے خوشی کی خبر ہے کہ سعودی حکومت نے رواں سال حج کیلئے کورونا کی تمام پابندیاں ختم کردی ہیں۔ دنیا بھر سے عازمین رواں سال حج کرسکیں گے، مختلف ممالک کیلئے دوبارہ سے حج کوٹے کا اعلان ہوگا۔

عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کیلئے بڑی خوشخبری ہے، اللہ اور اس کے محبوب کے در کی رونقیں بحال ہونا شروع ہوگئیں۔

سعودی عرب میں کورونا وبا میں بڑی حد تک کمی کے بعد پابندیاں مزید نرم کردی گئیں۔ مملکت نے رواں سال دنیا بھر کے لوگوں کو حج کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت دے دی۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث عازمین حج کی تعداد کو کم کیا گیا تھا۔

حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا گیا ہے کہ امسال سعودی عرب سمیت دیگر تمام ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد بھی حج ادا کرسکیں گے۔ ٹویٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس فیصلے کے بعد سعودی وزارت حج وعمرہ تمام ممالک کیلئے نظرثانی شدہ کوٹامتعین کرے گی۔

سعودی وزارت حج و عمرہ نے رمضان المبارک میں عمرہ کے اجازت ناموں کا اجرا شروع کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی شہریوں اور مملکت میں موجود غیرملکیوں کی بڑی تعداد نے بکنگ کرالی، رواں سال ماہ مبارکہ میں مسجدالحرام شریف اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں غیرمعمولی رش ہوگا۔