Tuesday, May 7, 2024

سعودی عرب کی پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں ایک سال کی توسیع

سعودی عرب کی پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں ایک سال کی توسیع
December 2, 2022 ویب ڈیسک

ریاض/ اسلام آباد (92 نیوز) - سعودی عرب نے مشکل کی گھڑی میں پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کردی۔

سعودی فنڈز میں توسیع شاہ سلمان بن عبد العزیز کی ہدایت پر دی گئی، سعودی حکا م کا کہنا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

سعودی عرب نے پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کے لیے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کر دی۔ سعودی سفارتخانے کے مطابق سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھوائے تھے۔ ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی طرف سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حمایت کا تسلسل ہے۔

سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ڈپازٹ کا مقصد بینک میں غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کو بڑھانا اور پاکستان کو کورونا جیسی وبائی آفت کی وجہ سے پیدا شدہ معاشی اثرات سے نمٹنے میں مدد دینا ہے۔ سعودی عرب پاکستان کو بیرونی شعبے کے چیلنجز کے مقابلے، پائیدار اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر واپسی کی معیاد میں توسیع کا خیر مقدم کیا ہے۔ سعودی عرب کی قیادت، وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان سے محبت کی تہہ دل سے قدر کرتے ہیں۔ سعودی عرب نے ایک بار پھر بڑے بھائی کا کردار ادا کیا۔ پاکستان سے اپنی بے مثال محبت کا ثبوت دیا، سعودی عرب کے اقدام سے پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ پاکستان کی معاشی خود انحصاری اولین قومی ایجنڈا ہے، جس کے لئے سیاسی استحکام اور میثاق معیشت وقت کی ضرورت ہے۔