Sunday, May 5, 2024

سعودی عرب کا اتحادی ممالک کیلئے مالی معاونت کا طریقہ کار تبدیل کرنیکا فیصلہ

سعودی عرب کا اتحادی ممالک کیلئے مالی معاونت کا طریقہ کار تبدیل کرنیکا فیصلہ
January 19, 2023 ویب ڈیسک

ڈیوس (92 نیوز) - سعودی عرب نے اتحادی ممالک کیلئے مالی معاونت کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سعودی عرب نے مستقبل میں دوست ممالک کو بغیر کسی شرط مالی امداد نہ دینے کا عندیہ دے دیا۔ سعودی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ اتحادی ممالک کو دی جانے والی مالی معاونت کے طریقہ کار کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔

ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم کی تقریب کے دوران سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب خطے کے ممالک میں معاشی اصلاحات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ ہم براہ راست گرانٹس اور ڈپازٹس دیتے ہیں جن میں کوئی شرائط عائد نہیں کی جاتیں اور اب ہم اسے تبدیل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کئی اداروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ یہ بتا سکیں کہ ہم اصلاحات دیکھنا چاہتے ہیں۔

محمد الجدعان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے لوگوں پر ٹیکس لگا رہے ہیں اور یہی امید کرتے ہیں کہ دوسرے بھی ایسا ہی کریں۔ وہ امریکی ڈالر کے علاوہ دوسری کرنسیوں میں تجارت کرنے کے لیے بات چیت کو تیار ہیں۔