اسلام آباد (92 نیوز) – پاکستان میں سیاسی عدم استحکام یا مصروفیات؟ سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملتوی ہوگیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ولی عہد کے جی 20 اجلاس میں شرکت کے باعث دورے کیلئے نئی تاریخ کا اعلان ہوگا۔
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملتوی ہوگیا۔ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم جلد نئی طے شدہ تواریخ پر پاکستان کا دورہ کریں گے، ان کے دورہ پاکستان کی نئی تواریخ کے تعین کے لیے مشاورت جلد شروع ہو گی۔
سرکاری سطح پر اس حوالے سے تصدیق بھی ہوگئی۔ دفتر خارجہ کےمطابق سعودی ولی عہد نے انڈونیشیاء میں جی 20 سربراہ اجلاس کے باعث پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کا دورہ ملتوی کیا۔
سعودی ولی عہد نے 21 نومبر کو دورہ ایشیاء کے دوران پاکستان آنا تھا اور اس حوالے سے اعلان بھی کیا گیا تھا۔
سیاسی تبصرہ نگاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں لانگ مارچ اور سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے دورہ مؤخر ہونا بعید ازقیاس نہیں۔