Saturday, September 21, 2024

صوبوں نے محدود وسائل کے باوجود سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کیا، وزیراعظم

صوبوں نے محدود وسائل کے باوجود سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کیا، وزیراعظم
December 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے صوبوں نے محدود وسائل کے باوجود سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کیا۔

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر پر صوبائی حکومتوں، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو مبارکباد پیش کی۔ سیلاب متاثرین کے حوالے سے تقریب میں بولے سیلاب سے ملک بھرمیں 20 لاکھ گھر جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہوئے۔

اُنہوں نے کہا کہ سیلاب میں مواصلات اور بجلی کا نظام تباہ ہوگیا، زراعت کا شعبہ بری طرح متاثرہوا، صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا، مسلح افواج نے سیلاب متاثرین کی بہت مدد کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے صوبوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو 70 ارب روپے فراہم کیے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلح افواج نے سیلاب میں پھنسے لوگوں تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے سیلاب کے چیلنج پر قابو پانے کے لیے پاکستان کو مدد فراہم کرنے میں دوست ممالک کی حمایت کا بھی ذکر کیا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب کی بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑا تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت کے وفاقی اور صوبائی محکموں اور سول اور فوجی اہلکاروں نے اس چیلنج پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کوششوں کا مظاہرہ کیا۔