Sunday, September 8, 2024

صوبے ریونیو کا نظام ٹھیک کر دیں تو مقدمات کم ہو جائینگے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

صوبے ریونیو کا نظام ٹھیک کر دیں تو مقدمات کم ہو جائینگے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ
January 22, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا ہے صوبے ریونیو کا نظام ٹھیک کر دیں تو مقدمات کم ہو جائینگے۔

پنجاب بار کونسل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تقریب میں شرکت کی۔ ن لیگ کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ ، وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل فرحان شہزاد، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی کی بھی شرکت ہوئی۔ تقریب میں ممبران پنجاب بار کونسل اور وکلاء بھی شریک ہوئے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے لاہور ہائیکورٹ میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ مقدمہ بازی کیوجہ قانون سے ناواقفیت ہے۔ کسی شہری کو قانون کی معلومات ایک جگہ نہیں ملتیں۔ اردو میں قانون پر ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سمجھ نہیں آیا جتنے بھی قانون بنتے ہیں انگریزی میں بنتے ہیں۔ لوگوں کو اردو زبان میں قانون نہیں ملتے۔ پاکستان کوڈ جاری کرنا ریاست کی ذمے داری ہے۔ سب سے زیادہ وقت صحیح قانون ڈھونڈنے میں لگتا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا میرے دور میں بلوچستان ہائیکورٹ میں ہڑتال کے باعث کبھی سماعت ملتوی نہیں ہوئی۔ ہڑتال کی سزا سائیلین کو بھگتنا پڑتی ہے۔ اپنی آواز بلند کرنے کے لئے ہڑتال کے علاوہ بھی طریقے ہیں۔ احتجاج کرنا بھی آئینی حق ہے۔ ہمیں عوام سے نہیں ڈرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا اب دنیا میں شور کی آلودگی پر بھی بات ہو رہی ہے۔ سائرن شور کی آلودگی پھیلاتے ہیں۔ میرے ساتھ پولیس چلنے سے بہتر ہے عوام کو محفوظ رکھیں۔