Friday, April 26, 2024

سوات میں امن کمیٹی کے سربراہ کی گاڑی پر بم حملہ، سربراہ امن کمیٹی سمیت پانچ افراد شہید

سوات میں امن کمیٹی کے سربراہ کی گاڑی پر بم حملہ، سربراہ امن کمیٹی سمیت پانچ افراد شہید
September 13, 2022 ویب ڈیسک

سوات (92 نیوز) - سوات کی تحصیل کبل میں امن کمیٹی کے سربراہ کی گاڑی پر بم حملہ ہوا۔ حملے میں سربراہ امن کمیٹی ادریس خان اور دو پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے۔

خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بگڑنے لگی۔ سوات میں امن کمیٹی کے سربراہ کی گاڑی کو بم سے اڑایا گیا جس میں امن کمیٹی کے سربراہ 2 محافظوں سمیت جاں بحق ہو گیا۔ دھماکے میں 2 پولیس اہلکار بھی جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔

 ادھر کوہاٹ کے علاقے بلی ٹنگ پولیس سٹیشن کو دستی بم سے نشانہ بنایا گیا جس میں ایس ایچ او سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 5 پولیس اہلکاروں کے علاوہ تین سویلین بھی شامل ہیں۔

صوبے میں نہ صرف دھماکے ہونے لگے ہیں بلکہ سیاسی رہنماؤں کو بھتے کی کالیں بھی موصول ہونے لگی ہیں۔ پولیس کے مطابق لیگی رکن اسمبلی سردار خان کو بھتے کی کال موصول ہوئی ہے اور ادائیگی نہ ہونے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ رکن اسمبلی کی جانب سے ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے۔