Friday, March 29, 2024

سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض نے ڈیرے ڈال لیئے

سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض نے ڈیرے ڈال لیئے
September 23, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض نے ڈیرے ڈال لیئے اور طبی سہولتوں کا فقدان پیدا ہو گیا۔

سڑک کنارے اور ریلیف کیمپوں میں پناہ لئے ہوئے متاثرین مختلف بیماروں کا شکار ہو رہے ہیں۔ زیادہ تر اضلاع میں متاثرین ملیریا، گیسٹرو اور جلدی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ بیشتر اضلاع میں طبی سہولیات کا بھی فقدان ہے جس کی وجہ سے اموات بھی ہو رہی ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق سیلابی صورتحال سے  اب تک سات سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

ضلع قمبر شہدادکوٹ کے ریلیف کیمپوں اور اسپتالوں میں طبی سہولیات کا فقدان ہے۔ ریلیف کیمپوں میں مچھروں کی تو یلغار ہے لیکن سب کےپاس مچھر دانی نہیں ہے جس کی وجہ سے متاثرین ملیریا میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

محکمہ صحت لاڑکانہ ڈویژن نے ملیریا کیسز کے نئے اعدادوشمار جاری کر دیئے۔ صرف لاڑکانہ ڈویژن میں ملیریا کے تیس ہزار آٹھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ ضلع دادو، ضلع جیکب آباد اور ضلع سانگھڑ سمیت دیگر اضلاع میں بھی متاثرین سیلاب بھوک کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بھی لڑ رہے ہیں۔