Wednesday, April 24, 2024

سندھ ہائیکورٹ: دعا زہرہ کی عارضی کسٹڈی والدین کے حوالے کرنیکا حکم

سندھ ہائیکورٹ: دعا زہرہ کی عارضی کسٹڈی والدین کے حوالے کرنیکا حکم
January 6, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - سندھ ہائیکورٹ نے کم عمر بچی دعا زہرہ کی عارضی کسٹڈی والدین کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

کم عمر بچی دعا کے مبینہ اغوا سے متعلق کیس میں بچی کی حوالگی سے متعلق والدین کی درخواست کی سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ دعازہرہ کوبھی عدالت میں پیش کیا گیا۔

جسٹس اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کہ آپ کا نام کیا ہے؟

بچی نے کہا کہ اس کا نام دعا زہرہ ہے۔ ساتویں کلاس میں پڑھتی تھی۔ بچی نے عدالت میں بیان دیا کہ وہ ماں باپ کے ساتھ جانا چاہتی ہے۔

عدالت نے بچی کی عارضی کسٹڈی والدین کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ والدین دس لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کروائیں۔ یہ بھی کہا کہ بچی کی مستقل حوالگی سے متعلق فیصلہ ٹرائل کورٹ کرے گی۔

بچی کے والدین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

عدالت نے حکم دیا کہ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر لیڈی پولیس کے ہمراہ ہر ہفتے والے دن بچی سے جا کر ملاقات کریں گی اور رپورٹ ٹرائل کورٹ میں جمع کروائیں۔