Thursday, April 18, 2024

سندھ اور پنجاب میں اومیکرون اور کورونا کیسز تیزی سے بڑھنے لگے

سندھ اور پنجاب میں اومیکرون اور کورونا کیسز تیزی سے بڑھنے لگے
January 14, 2022 ویب ڈیسک

کراچی/ لاہور (92 نیوز) سندھ اور پنجاب میں اومیکرون اور کورونا کیسز تیزی سے بڑھنے لگے، سندھ میں اومیکرون کیسز کی تعداد 430 ہوگئی۔ لاہور میں اومیکرون کیسز کی تعداد 584 ہوگئی۔

ملک میں اومیکرون اور کورونا کیسز کی شرح میں خطرناک اضافہ جاری ہے۔ سندھ میں اومیکرون کے مصدقہ کیسز کی تعداد 430 ہوگئی۔ لاہور میں دو ہفتوں کے دوران اومیکرون مریضوں کی تعداد 64 سے 584 ہوگئی۔ خیبرپختونخوا میں اومیکرون وئیرینٹ کے مصدقہ کیسز 64 ہوگئے ہیں۔

ملک بھرمیں کورونا کی پانچویں لہر کے دوران مثبت کیسز کی شرح میں 7.36  فیصد ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا۔ کورونا کیسز میں کراچی سرفہرست ہے، جہاں مثبت کورونا کیسز کی شرح 28 فیصد ہوگئی ہے۔ سندھ کے دیگر اضلاع میں کورونا مثبت شرح 19 فیصد سے زائد ہوچکی۔

پنجاب میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوگیا، 24 گھنٹوں میں 843 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صوبہ بھر میں کورونا کے مجموعی کیس ساڑھے چار لاکھ سے تجاوز کرگئے۔

لاہور کے سرکاری اسپتالوں کے وارڈز کورونا کے مریضوں سے بھرگئے۔ نون لیگ کے رہنما خلیل طاہر سندھو بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد میں 299 کیس رپورٹ ہوئے، شہر میں کورونا مثبت کیسز کی مجموعی شرح 5.53 فیصد رہی۔

این سی او سی نے ملک بھر میں بوسٹرویکسین لگانے کیلئے عمر کی حد کم کرکے 18 سال کردی۔