Thursday, April 25, 2024

سمندری طوفان کے باعث سمندر میں پائپ لائن سے تیل کی سپلائی متاثر، قیمتیں مزید بڑھ گئیں

سمندری طوفان کے باعث سمندر میں پائپ لائن سے تیل کی سپلائی متاثر، قیمتیں مزید بڑھ گئیں
March 24, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - سمندری طوفان کے باعث سمندر میں پائپ لائن سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے لگی جس کے باعث قیمتیں مزید بڑھ گئیں۔

کیسپئن پائپ لائن کے قازقستان ٹرمینل میں خرابی آنے سے تیل کی ترسیل رک گئی جس سے روسی اور قازقستان کے تیل کی برآمد میں 1.2 ملین بیرل یومیہ کی کمی آنے کا خدشہ ہے۔

دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں خام تیل 4 ڈالر مہنگا ہو گیا۔ برینیٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 121 ڈالر ریکارڈ کی گئی جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کے سودے 114 ڈالر فی بیرل میں طے ہوئے۔

روس کی طرف سے یورپ کو ڈالر یا یورو میں گیس دینے سے انکار کے بعد یورپ میں گیس کے معاہدوں میں اضافہ ہو گیا۔ گیس کی قیمت 97 یورو فی گھنٹہ سے بڑھ کر 108 یورو فی گھنٹہ ہو گئی ہے۔

خام تیل مہنگا ہونے کا اثر سونے کی قیمت پر بھی پڑا جو 23 ڈالر اضافہ سے ایک ہزار، 944 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی۔ پلاٹینیم کی فی اونس قیمت بڑھ کر 1026 ڈالر جبکہ پلا ڈیئم کی فی اونس قیمت 2526 ڈالر پر ریکارڈ کی گئی۔

امریکا کی طرف سے روس پر مزید پابندیاں لگانے کے اعلان کا امریکی اسٹاک ایکسجینجز پر بھی برا اثر پڑا۔ ڈاؤ جونز انڈیکس میں 449  پوائنٹ کی کمی آئی جبکہ نیسڈیک کمپوزٹ انڈیکس 186 پوائنٹ گر گیا۔

ادھر برطانیہ میں مہنگائی کی شرح 40 سال کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق مہنگائی کی شرح 8.7 فیصد کی بلند ترین سطح کے قریب ہے۔ وزیر خزانہ نے ٹیکسوں میں 7.9 ارب ڈالر کی کمی کا اعلان کر دیا۔