Friday, April 26, 2024

انتخابات کا ٹریلر ضمنی اور بلدیاتی الیکشن میں چل گیا، بلاول

انتخابات کا ٹریلر ضمنی اور بلدیاتی الیکشن میں چل گیا، بلاول
February 10, 2022 ویب ڈیسک

ملتان (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر وار کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ اور نااہل حکومت کیخلاف اعلان جنگ کرچکے، اب ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

پیپلزپارٹی کے ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 27 فروری کو کراچی سے پنجاب جی ٹی روڈ کے راستے ہمارا لانگ مارچ اسلام آباد جائے گا اور عمران خان کو دکھائیں گے آپ کی کارکردگی پر عوام کی کیا رائے ہے، آپ نے آئندہ عام انتخابات کا ٹریلر ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں دیکھ لیا۔

بلاول بھٹو بولے کہ آج مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے، پٹرول بحران، چینی اور یوریا کی قلت پر ہم نے احتجاج کیا، کسانوں کے معاشی قتل پر ملک بھر میں کسان مارچ اور ٹریکٹر مارچ کیے گئے۔

میں اس ملک کی تقدیر بدلنے نکل رہا ہوں، ہم صرف اسلام آباد نہیں پورے ملک میں مارچ کریں گے۔ اس حکومت کے خلاف عوامی عدم اعتماد کی مہم چلائیں گے، عوام کو اس تبدیلی کے عذاب سے بچائیں گے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن اس حکومت کے دور میں ہوئی۔