Friday, April 26, 2024

سلامتی کونسل میں یوکرین میں انسانی بحران پر روسی قرارداد کا مسودہ مسترد

سلامتی کونسل میں یوکرین میں انسانی بحران پر روسی قرارداد کا مسودہ مسترد
March 24, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - سلامتی کونسل میں یوکرین میں انسانی بحران پر روسی قرارداد کا مسودہ مسترد ہو گیا۔

روس کی طرف سے سلامتی کونسل میں یوکرینی عوام کی حالت پر تشویش کے اظہار کی قرارداد کا مسودہ بھی مسترد کر دیا گیا۔ روس کے حق میں صرف چین نے ووٹ دیا۔ سلامتی کونسل کے 13 ارکان ووٹنگ سے غیرحاضر رہے۔ امریکی سفیر نے الزام لگایا کہ روس قرارداد کے ذریعے حملوں کو جواز فراہم کرنا چاہتا تھا۔

یورپ نے روس کی طرف سے گیس کی قیمت روبل میں لینے کا اعلان مسترد کر دیا۔ اٹلی کا کہنا ہے کہ روس کی طرف سے گیس کی قیمت روبل میں لینے کا اعلان پابندیوں سے بچنے کی کوشش ہے جبکہ آسٹریا نے بھی روسی گیس روبل کے بجائے یورو میں ہی خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

اس سے پہلے روسی صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ اثاثے منجمد ہونے کے بعد وہ گیس کی قیمت ڈالر یا یورو میں قبول نہیں کر سکتے۔ یورپ نے گیس خریدنا ہے تو ادائیگی روبل میں کرے۔ انہوں نے روس کے مرکزی بینک کو ہدایت کی کہ ایک ہفتہ میں رقم کی وصولی کا طریقہ کار طے کرے۔

روس نے اپنے سفارتکار نکالنے کے ردعمل میں امریکی سفارتکاروں کو بھی ملک سے نکال دیا جس کیلئے امریکی سفارتخانے کو فہرست فراہم کر دی گئی ہے۔ دوسری طرف پولینڈ نے جاسوسی کا الزام لگا کر 45 روسی سفارتکار ملک بدر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یورپ نے روسی فوج سے لڑنے کیلئے یوکرین کو مزید اسلحہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ سویڈن یوکرین کو 5 ہزار جبکہ جرمنی 2 ہزار اینٹی ٹینک میزائل فراہم کرے گا۔ برطانیہ نے بھی مزید 6 ہزار میزائل فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔