Tuesday, April 23, 2024

سکیورٹی فورسز کا ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، 6 دہشت گرد مارے گئے

سکیورٹی فورسز کا ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، 6 دہشت گرد مارے گئے
July 30, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - سکیورٹی فورسز نے ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق اطلاع ملی کہ کیچ سے پنجگور کی طرف موٹر سائیکلز پر دہشتگرد گروہ نقل و حرکت کر رہا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔ دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار ہدایت اللہ شہید ہو گئے۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع کیچ بلوچستان کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران لکی مروت سے تعلق رکھنے والے حوالدار ہدایت اللہ کی شہادت پر تعزیت کی۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا حوالدار ہدایت اللہ نے وطن کے لئے جام شہادت نوش کیا۔ قوم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔ شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے آپریشن میں زخمی ہونے والے نائک وزیر محمد کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔