Thursday, March 28, 2024

سکیورٹی فورسز کا سبی میں آپریشن، کالعدم بی ایل اے کے چھ دہشت گرد ہلاک، سپاہی شہید

سکیورٹی فورسز کا سبی میں آپریشن، کالعدم بی ایل اے کے چھ دہشت گرد ہلاک، سپاہی شہید
March 26, 2022 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - سکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں سبی کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران چھ دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان سبی کے قریب ناگاؤ کے پہاڑوں میں دہشتگردوں کی موجودگی پر آپریشن کیا، کلیئرنس آپریشن شروع ہوتے ہی دہشتگردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم بلوچستان نیشنل آرمی کے چھ دہشتگرد ہلاک ہوگئے جن میں نصیب اللہ بنگلزئی عرف جہانگیر، پیر جان اور رکئی کلہوئی شامل ہیں۔ دہشتگرد سبی اور گردونواح میں حالیہ دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، دہشتگرد 20 جنوری کو انارکلی، لاہور میں ہونے والے دھماکے میں بھی ملوث تھے۔  دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔ آپریشن میں مادر وطن کا بہادر سپوت سپاہی نثار جام شہادت نوش کر گیا جبکہ دو فوجی زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر دہشتگردی کو شکست دیں گی جبکہ بلوچستان کے امن، استحکام، ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔