راولپنڈی (92 نیوز) - سکیورٹی فورسز کی جانب سے ڈی آئی خان ، جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ملک سے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لئے سکیورٹٰی فورسز کے کامیاب آپریشن میں مزید 3 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا، شدید جھڑپ میں 2 دہشتگرد مارے گئے، دوسرے آپریشن کے دوران جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ اعظم میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوا، تینوں دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز، معصوم شہریوں کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقے غاریوم میں دیسی ساختہ بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس میں پاک فوج کے سپاہی شاہ زیب جام شہادت نوش کر گئے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
سپاہی شاہ زیب شہید کی عمر 26 سال اور تعلق راولپنڈی سے تھا، نواحی علاقے میں کسی بھی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے آپریشن بدستور جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بہادر جوانوں کی لازوال قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔