Saturday, April 20, 2024

سکیورٹی فورسز کا چمن میں آپریشن، دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد

سکیورٹی فورسز کا چمن میں آپریشن، دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد
March 16, 2023 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - سکیورٹی فورسز نے چمن کے علاقے بوغرہ روڈ پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا، تاہم دہشت گرد اطلاع ملنے پر پہلے ہی فرار ہوگئے، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔

سکیورٹی فورسز کا چمن کے علاقے بوغرہ روڈ پردہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانے کی اطلاعات پر آپریشن کیا، دہشت گرد آپریشن کی اطلاع پر پہلے ہی فرار ہوگئے۔

آئی ایس پی آر اطلاعات ملی تھیں کہ چمن کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر فائرنگ کے حالیہ واقعات سمیت قریبی علاقوں میں دیسی ساختہ بم نصب کرنے سے منسلک دہشت گرد علاقے میں موجود ہیں، جہاں سی ٹی ڈی کی مدد سے چھاپہ مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا، جن میں راکٹ، دیسی ساختہ بم اور دیگر سامان شامل ہے، آپریشن سے کوئٹہ میں دہشت گردی کی بڑی سرگرمی کو روکنے میں مدد ملی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج قوم کے تعاون سے بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہے۔