Monday, May 6, 2024

سکیورٹی فورسز کا بنوں میں آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک، سپاہی شہید

سکیورٹی فورسز کا بنوں میں آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک، سپاہی شہید
January 1, 2023 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - سکیورٹی فورسز کا بنوں کے علاقے جانی خیل میں آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی بھی شہید ہوگیا۔

امن دشمنوں سے لڑتے ہوئے پاک فوج کا ایک اور سپورت وطن پر قربان ہوگیا، جوابی کارروائی میں 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر بنوں کے علاقے جانی خیل میں آپریشن کیا، اس دوران دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی، فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 25 سالہ سپاہی محمد وسیم نے جام شہادت نوش کی، شہید کا تعلق سندھ کے علاقے خیرپور سے تھا۔ سکیورٹی فورسز نے موثر جواب دیا اور 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے، آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس کا کام جاری ہے۔