Wednesday, April 24, 2024

سکردو میں طوفانی بارشوں سے تباہی، لینڈ سلائیڈنگ، رابطہ سڑکیں بہہ گئیں

سکردو میں طوفانی بارشوں سے تباہی، لینڈ سلائیڈنگ، رابطہ سڑکیں بہہ گئیں
June 20, 2022 ویب ڈیسک

سکردو (92 نیوز) - سکردو میں طوفانی بارشوں سے تباہی پھیل گئی۔ لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بہہ گئیں۔ ندی نالوں میں طغیانی سے سیلابی ریلوں کے باعث کئی دیہات کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

سکردو میں طوفانی بارشوں کے باعث جگہ جگہ لینڈ سلائڈنگ سے رابطہ سڑکیں بہہ گئیں ہیں۔ ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی ریلے سے کئی دیہات کا شہر سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔ مسلسل بارشوں سے بلتستان ڈویژن میں مواصلات اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔

لینڈ سلائڈنگ سے جگلوٹ سکردو شاہراہ کئی مقامات پر بند ہوگئی، باغیچہ، ملوپا میں شاہراہ کی بندش سے مسافر پھنس کررہ گئے۔ سیلابی ریلے کے باعث سب ڈویژن روندو اور ضلع گانچھے کے کئی علاقے زیر آب آگئے۔

ڈپٹی کمشنر سکردو نے 23 جون تک سیاحوں اور مسافروں کو جگلوٹ سکردو شاہراہ پر سفر سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بلتستان ڈویژن میں چند دنوں تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ گزشتہ روز ملوپا کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے پتھر لگنے کے باعث سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والا سیاح بھی جاں بحق ہوگیا تھا۔