Thursday, March 28, 2024

سخت مشکلات میں بھی ہم نے مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا، عمران خان

سخت مشکلات میں بھی ہم نے مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا، عمران خان
June 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط، کمزور معیشت اور کورونا کے باوجود عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا تھا۔ تجربہ کار چوروں کے زیر سایہ حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال، مہنگائی کے عوام پر اثرات اور حکومتی اتحادیوں کی قومی اسمبلی میں تقاریر کے متن کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے پارٹی ذمہ داران کو مہنگائی کے معاملے پر عوام کی بھرپور ترجمانی کی خصوصی ہدایت کی اور کہا کہ کہا کہ چوروں نے خود کو ریلیف دینے کے لیے عوام کو بدترین مہنگائی کی اذیت ناک تکلیف میں مبتلا کررکھا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 2018 میں تحریک انصاف کو اقتدار ملا تو معیشت دیوالیہ پن کے کنارے کھڑی تھی، پھر بھی آئی ایم ایف کی کڑی شرائط، کمزور معیشت اور کورونا وبا کے باوجود تحریک انصاف کی حکومت نے
عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے 9 ہفتوں میں مہنگائی کی صورت میں عوام سے اپنی غلامی کی قیمت وصول کی۔ 2 جولائی کو اسلام آباد میں عوام کے ساتھ مل کر ملک اور عوام کے خلاف شرمناک سازش پر تاریخی احتجاج کریں گے۔ پاکستان کو مزید دلدل میں گرنے سے بچانے کے لیے واحد راستہ صاف شفاف انتخابات ہیں۔