راولپنڈی (92 نیوز) - سکیورٹی فورسز کی باجوڑ اورگوادر میں خفیہ اطلاع پر اہم کارروائی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں 6 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے، ایک گرفتارجبکہ 3 زخمی ہوگئے، بھاری مقدارمیں اسلحہ برآمد، دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے ایک فوجی جوان شہید ہوگیا۔
قانون نافذکرنے والے اداروں کی بارہ اور تیرہ اگست کی درمیانی شب دہشتگردوں کی موجودگی پر ایک اور کامیاب کارروائی کی۔ 4 دہشتگرد جہنم واصل اور ایک کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ سپاہی محمد شعیب نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا۔ دہشتگرد، سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں، بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت خودکش دھماکوں میں ملوث رہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب گوادر میں بھی دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔