Friday, April 19, 2024

سیاسی لیڈر شپ کے بیانات انتہائی نامناسب، فوج کو سیاسی گفتگو سے باہر رکھا جائے، ڈی جی آئی ایس پی آر

سیاسی لیڈر شپ کے بیانات انتہائی نامناسب، فوج کو سیاسی گفتگو سے باہر رکھا جائے، ڈی جی آئی ایس پی آر
May 12, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ روز سے سیاسی لیڈر شپ کے بیانات انتہائی نامناسب ہیں، فوج کو سیاسی گفتگو سے باہر رکھا جائے۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا طریقہ کار آئین میں واضح ہے، بلاوجہ آرمی چیف کے عہدے پر بات کرنا اسے متنازعہ بنانے والی بات ہے۔ فوج کو الیکشن کرانے کی دعوت دینا مناسب بات نہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہم بار بار درخواست کر رہے ہیں کہ فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے، فوج کا سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ کافی دیر سے ہم تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ فوج پاکستان کی سکیورٹی اور حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ افواج پاکستان کے بہادر سپاہی اور آفیسرز ہمہ وقت وطن کی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پشاور کور کمانڈر کے حوالے سے اہم سینئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں۔ پشاور کور پاکستان آرمی کی ایک ممتاز فارمیشن ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور کور دو دہایئیوں سے دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ اس اہم کور کی قیادت ہمیشہ بہترین پروفیشنل ہاتھوں میں سونپی گئی ہے۔ ایسے بیانات سپاہ اور قیادت کے مورال اور وقار پر منفی طور پر اثر انداز ہوتے ہیں۔