سندھ پولیس دعا زہرا کو لاہور سے کراچی لے آئی

کراچی (92 نیوز) - سندھ پولیس دعا زہرا کو لاہور سے کراچی لے آئی۔ سخت سکیورٹی میں میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کیا۔
دعا زہرا کے ساتھ اس کا مبینہ شوہر ظہیر بھی کراچی آیا ہے۔ پولیس نے سخت سکیورٹی میں دعا زہرا کو میڈیکل بورڈ کےسامنے پیش کر دیا۔ سروسز اسپتال میں دس رکنی میڈیکل بورڈ دعا زہرا کی عمر کا تعین کرے گا۔ دعا کے والدین اور وکیل بھی وہاں موجود ہیں۔ عمر کے تعین کے لئے دعا زہرا کے کچھ ٹیسٹ بھی کروائے جائیں گے۔ کچھ ٹیسٹ سرکاری اور کچھ نجی اسپتال میں کروائے جائیں گے۔
دوسری جانب سیشن عدالت نے دعا زہرا کے والد کی تفتیشی افسر تبدیل کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ فیصلے میں کہا کہ عدالت نے تفتیشی افسر کی سی کلاس رپورٹ ابھی منظور نہیں کی۔ دعا زہرا کی عمر کا تعین ہونا ہے۔ تفتیش کے اس مرحلے پر تفتیشی افسر کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔