کراچی (92 نیوز) - سندھ کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کل حلف اٹھائیں گے۔
نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں مقبول باقر بولے مشکل حالات میں بہت اہم ذمہ داری دی گئی، انتخابات کرانے میں آئین و قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے، احتساب ہمارا ایجنڈا نہیں، صوبے میں گورننس کی صورتحال بہتر کرنے کی کوشش ہوگی۔
نگراں وزیراعلی سندھ کیلئے گزشتہ شب جو بھاگ دوڑ شروع ہوئی وہ رات گئے تک جاری رہی۔ اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کی وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ سے ملاقات دس بجے طے تھی لیکن ایم کیو ایم نے اچانک رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بلالیا۔
خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی نے نگراں وزیراعلی کے نام پرحتمی مشاورت کی۔ جی ڈی اے سے اتفاق رائے کے بعد رابطہ کمیٹی نے مقبول باقر کے نام کی منظوری دی۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے بھی نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اپوزیشن اور حکومت میں ڈیڈ لاک ختم کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ گورنر نے خالد مقبول، پیر صبغت اللہ شاہ راشدی اور یونس سائیں کو علیحدہ علیحدہ فون کیے۔ وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
حکومت و اپوزیشن کے طے کردہ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر سندھ کے 8 ویں نگراں وزیراعلیٰ ہونگے۔