Tuesday, May 7, 2024

سندھ کے مختلف شہروں میں پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

سندھ کے مختلف شہروں میں پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں
May 27, 2023 ویب ڈیسک

دادو/جیکب آباد (92 نیوز) - سندھ کے مختلف شہروں میں آج بھی پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے، تھرپارکر میں پاک فوج کے حق میں بڑی ریلی نکالی گئی،،اسی طرح دادو، جیکب آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔

صحرائے تھر کی فضائیں پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھیں۔ مٹھی سے نکالی گئی ریلی میں بچے،بڑے خواتین سمیت سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔ ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر اٹھائے شرکا قومی پرچم بھی لہراتے رہے۔

قمبر میں جی ڈی اے اور سول سوسائٹی نے پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہمارا فخر ہے، ہم اپنی افواج کے خلاف کوئی بات ہر گز برداشت نہیں کرینگے۔

دادو میں پاک فوج کے حق میں سول سوسائٹی نے ریلی نکالی۔ شرکا نے نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

شکار پور میں افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان نیشنل یوتھ کی جانب ریلی نکالی گئی۔