Wednesday, April 24, 2024

سندھ ہائی کورٹ نے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرنے سے روک دیا

سندھ ہائی کورٹ نے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرنے سے روک دیا
June 22, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - سندھ ہائی کورٹ نے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرنے سے روک دیا۔ عامر لیاقت کی قبر کشائی سے متعلق جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم کو معطل کر دیا گیا۔

عامر لیاقت کی قبرکشائی سے متعلق جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کےخلاف ان کے اہلخانہ نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ پوسٹ مارٹم رکوانے کے لئے درخواست ان کے بیٹے احمد عامر اور دعا عامر کی جانب سے دائر کی گئی۔

درخواست میں میڈیکل بورڈ، محکمہ صحت، ایس ایس پی ایسٹ و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا کہ عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست شہرت حاصل کرنے کے لیے دائر کی گئی۔ یہ بھی کہا کہ عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکی قبر کی بے حرمتی ہو گی۔ درخواست کی کہ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی جانب سے اٹھارہ جون کو دیا گیا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

سندھ ہائیکورٹ نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد عامر لیاقت کی قبر کشائی سے متعلق جوڈیشل مجسٹریٹ کا حکم معطل کر دیا۔ حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ معطل رہے گا۔

عدالت نے سیکرٹری صحت اور میڈیکل بورڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت انتیس جون تک ملتوی کر دی۔