Wednesday, April 24, 2024

سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ، چار سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد

سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ، چار سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد
May 24, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق دفعہ 144 صوبہ میں 20 دنوں تک نافذ رہے گی۔

چار سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ صوبے بھر میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور عوامی اجتماعات پر بھی مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔

ادھر تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پیش نظر  کراچی میں بھی پولیس حرکت میں آ گئی۔ رات گئے مختلف رہنماوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے  تاہم پولیس صرف سیف الرحمان کو ہی حراست میں لے سکی۔ باقی کوئی رہنما پولیس کے ہاتھ نہیں آیا۔

شاہ نواز جدون نے دعوی کیا ہے کہ پولیس نے ان کے والد اور بھائی کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس نے تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار کے گھر پر بھی چھاپہ مارا تاہم وہ گھر پر نہیں تھے اس لئے گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

تحریک انصاف کا دعوی ہے کہ پولیس نے سعید آفریدی اور ارسلان تاج کے گھروں پر بھی چھاپے مارے تاہم وہ بھی گھروں پر نہیں تھے۔ تحریک انصاف کے کئی رہنماوں نے گرفتاری سے بچنے کے لئے موبائل فون ہی بند کر دیئے ہیں۔