Saturday, April 27, 2024

شیریں مزاری کو پی ٹی آئی دور کے مقدمے پر گرفتار کیا گیا، مریم نواز

شیریں مزاری کو پی ٹی آئی دور کے مقدمے پر گرفتار کیا گیا، مریم نواز
May 21, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - مسلم لیگ ن رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ شیریں مزاری کو پی ٹی آئی دور کے مقدمے پر گرفتار کیا گیا، انہیں تو خواتین نے گرفتار کیا جبکہ مجھے مرد اہلکاروں نے حراست میں لیا تھا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ عمران نے آٓئین توڑنے کا سنگین جرم کیا لیکن آج بھی لاڈلہ ہے، نواز، شہباز یا مریم نے آئین توڑا ہوتا تو لاشیں چوک پر لٹک رہی ہوتیں۔

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے ان کے متعلق نازیبا ریمارکس دیئے، عمران خان والد کی عمر کے اور وہ ان کی بیٹی کی عمر کی ہیں، ان کے خلاف اتنا سیاسی مواد ہے کہ ذاتی حملے کی ضرورت نہیں، دل پر پتھر رکھ کر نام لینا پڑتا ہے ورنہ اس جیسے شخص کو تو مڑکر بھی نہ دیکھوں۔

مریم نواز نے کہا کہ شیریں مزاری کی گرفتاری کا سن کر خوشی نہیں ہوئی، تحریک انصاف شیریں مزاری کی گرفتاری پر عورت کارڈ کھیل رہی ہے، مجھے دو دفعہ گرفتار کیا گیا تو میرے اوپر کوئی الزام نہیں تھا، نوازشریف نے میری گرفتاری پر کہا یاد رکھنا وقت ایک سا نہیں رہتا، تفتیش میں پوچھا جاتا آپ آج کل کون سی کتاب پڑھ رہی ہیں۔ میں نے مظلومیت کارڈ اور عورت کارڈ نہیں کھیلا۔

مریم نواز نے کہا مسلم لیگ ن کسی انتقام کا حصہ نہیں بنے گی لیکن جس کا جو جواب ہے وہ اسے دینا پڑے گا۔