Friday, April 26, 2024

شیخ رشید نے جولائی کو اہم مہینہ قرار، اکتوبر میں نئے الیکشن کی پیش گوئی کردی

شیخ رشید نے جولائی کو اہم مہینہ قرار، اکتوبر میں نئے الیکشن کی پیش گوئی کردی
June 28, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے جولائی کو بھی اہم مہینہ قرار دے دیا، ساتھ ہی اکتوبر میں نئے الیکشن کی پیش گوئی بھی کردی۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کی لاہورمیں گرج برس، نیوزکانفرنس میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا سارا فائدہ عمران خان اور سارا نقصان ن لیگ کو ہوا، حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے تو شوق پورا کرلے۔

شیخ رشید نے وزیراعظم شہباز شریف پر بھی تنقیدی لفظوں کی بوچھاڑ کردی، کہا کہ حکمران مہنگائی کنٹرول کرنے آئے تھے لیکن مہنگائی نے انہیں کنٹرول کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گرانے کی سازش کے بعد پاکستان کو ترقی پذیر ممالک کی کانفرنس میں مدعو نہیں کیا گیا۔

سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مریم کس منہ سے لوٹوں کے لئے ووٹ مانگیں گی، عمران خان ان تمام انڈوں کو ایک لات سے تباہ کر دیں گے۔ لاہوریے بھی ن لیگ سے بد دل ہو چکے ہیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ن لیگ نے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کو دفن کر دیا ہے۔ موجودہ ضمنی انتخابات غیر قانونی اور غیر آئینی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاور یونٹ میں 40 روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی عروج پر ہے اور آٹے کی قیمت 100 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

سابق وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بہتر کرے۔