Tuesday, April 23, 2024

صحرائے چولستان میں پانی کی قلت، جانور مرنے کا سلسلہ جاری، بیماریاں عام ہوگئیں

صحرائے چولستان میں پانی کی قلت، جانور مرنے کا سلسلہ جاری، بیماریاں عام ہوگئیں
May 18, 2022 ویب ڈیسک

بہاولپور (92 نیوز) - صحرائے چولستان گرمی کی شدید لپیٹ میں ہے، پانی نہ ملنے سے جانوروں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے، چولستان میں بیماریاں بھی عام ہوگئیں۔ لوگوں نے علاقے سے نقل مکانی شروع کردی۔

صحرا ریگستان میں شدید گرمی اور پانی کی قلت کے باعث چولستان میں آہیں، سسکیاں اور نااُمیدی کے ڈیرے ہیں، گرمی کی شدت کیا بڑھی چولستان میں آبی ذخائر بھی خشک ہو گئے، لاکھوں جانوروں کے لیے پینے کا پانی تک خشک ہو گیا ہے، آبی وسائل دستیاب نہ ہونے کے باعث جانور موت کی آغوش میں جا رہے ہیں۔

سینکڑوں ایکڑ پر محیط صحرا چولستان میں ٹوبہ جات خشک ہو چکے ہیں، جانور تو جانور انسانوں کے لیے بھی پینے کا پانی دستیاب نہیں جس کے باعث چولستان سے نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

چولستان میں پانی کی قلت کے باعث سینکڑوں جانور جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متعدد چولستانی باشندوں کے بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں جو باعث تشویش ہے۔