Monday, September 16, 2024

سحر انگیز شخصیت کی مالک لیڈی ڈیانا کو دنیا سے رخصت ہوئے 26 برس بیت گئے

سحر انگیز شخصیت کی مالک لیڈی ڈیانا کو دنیا سے رخصت ہوئے 26 برس بیت گئے
August 31, 2023 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - سحر انگیز شخصیت کی مالک اور کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی لیڈی ڈیانا کو دنیا سے رخصت ہوئے 26 برس بیت گئے۔

بھولی بھالی صورت، پریوں جیسی مورت، پرکشش شخصیت کی مالک لیڈی ڈیانا کو دنیا سے گزرے 26 برس بیت گئے لیکن لیڈی ڈیانا کی یادیں لوگوں کے دلوں سے نہ مٹ سکیں۔ برطانوی شہزادی لیڈٰی ڈیانا آج بھی کروڑوں دلوں پر راج کرتی ہیں۔

پرنسس آف ویلز، جسے دنیا لیڈی ڈیانا کے نام سے جانتی ہے۔ یکم جولائی 1961ء کو برطانیہ کے علاقے نور فوک میں پیدا ہوئیں۔ 29 جولائی 1981ء کو برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔

ان کی شادی کو فیری ٹیل میرج قرار دیا گیا۔ دنیا بھر میں کروڑوں افرادنے ان کی شادی کی تقریب دیکھی۔ ان کے دو بیٹے شہزادہ ولیم، شہزادہ ہیری ہیں۔ لیڈی ڈیانا کی ازدواجی زندگی تنازعات کے زد ميں رہی۔ دنیا کے اس مقبول ترین شاہی جوڑے میں 16 سال بعد اگست 1996ء میں طلاق ہوگئی۔

برطانوی شہزادی ہمیشہ انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہیں۔۔دو بار پاکستان بھی آئیں۔ شہزادی ڈیانا 31 اگست 1997ء کو پیرس کے ایک کار حادثہ کے نتیجہ میں دنیا سے چل بسیں، لیکن ان کی پرکشش شخصیت اور فلا حی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔