Saturday, July 27, 2024

شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل ، ملزم کے والد صحافی ایاز امیر کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا

شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل ، ملزم کے والد صحافی ایاز امیر کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا
September 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کے قتل کیس میں ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ نے مرکزی ملزم کے والد سینئر صحافی ایاز امیر کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت میں سارہ انعام قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ مرکزی ملزم شاہنواز کے والد صحافی ایاز امیر کو ڈیوٹی مجسٹریٹ سول جج زاہد ترمزی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے ایاز امیر کو گزشتہ شب گرفتار کیا تھا۔ تفتیشی افسر حبیب الرحمن اور ڈی ایس پی حاکم خان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

صحافی ایاز امیر نے عدالت میں  بیان دیا کہ انھوں  نے خود پولیس کو اطلاع دی۔ ایس ایچ او کو فارم ہاوس کا پتہ دیا ، ملزم کے وکیل نے کہا کہ ایاز امیر کا نام ایف ائی ار میں  ہے نہ  ان کے خلاف کوئی ثبوت ہے ۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم کے والد کو شامل تفتیش کرنا ہے۔ ہائی پروفائل کیس ہے، واقعے کی اطلاع ایاز امیر نے دی تھی۔

پولیس کیجانب سے ایاز امیر کے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

جمعہ کے روز ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز نے سارہ کو قتل کردیا تھا۔ شاہنواز پہلے ہی جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔