Saturday, May 21, 2022

شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت نہیں ملی ، کل روزہ ہو گا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی

شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت نہیں ملی ، کل روزہ ہو گا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی
May 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا کہنا ہے شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت نہیں ملی ، کل روزہ ہو گا۔

عید کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی بھی جگہ چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، عید الفطر 3 مئی بروز منگل کو ہو گی۔

مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اکثر مقامات پر مطلع صاف تھا، کچھ مقامات پر ابر آلود بھی رہا۔ اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ عید الفطر 3 مئی کو ہو گی۔

اس سے قبل صوبہ پنجاب اور سندھ کی زونل رویت ہلال کمیٹیاں بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کر چکی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ، عید الفطر 3 مئی منگل کے روز ہونے کا امکان ہے۔

 ادھر خیبر پختونخوا حکومت نے چاند نظر نہ آنے کا رویت ہلال کمیٹی کا فیصلہ مسترد کر دیا۔ کل صوبہ میں سرکاری سطح پر عید الفطر منانے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلی محمود خان صوبائی وزرا کے ہمراہ گورنر ہاوس پشاور میں نماز عید ادا کریں گے۔