Friday, May 17, 2024

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں 6 جوان شہید، 3 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں 6 جوان شہید، 3 دہشت گرد ہلاک
May 4, 2023 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں 6 جوان شہید جبکہ 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

شمالی وزیرستان کے علاقے دیردونی میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک اور 2 کو زخمی کردیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران6 جوان بھی دھرتی پر قربان ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں حوالدار سلیم خان، نائیک جاوید اقبال ، سپاہی نذیر خان، سپاہی حضرت بلال، سپاہی سید رجب حسین اور سپاہی بسم اللہ جان شامل ہیں۔ 36 سالہ حوالدار سلیم خان کا تعلق ٹانک سے، 37 سالہ نائیک جاوید اقبال کوہاٹ، 26 سالہ شہید سپاہی نذیر کا تعلق بنوں، 25 سالہ سپاہی حضرت بلال کا تعلق مردان سے جبکہ 22 سالہ سپاہی سید رجب حسین کا تعلق اورکزئی اور 22 سالہ سپاہی بسم اللہ جان کا تعلق خیبر سے ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔