Wednesday, May 8, 2024

شمالی وزیرستان میں دریافت شدہ گیس کی مقدار 5 کروڑ کیوبک فٹ یومیہ ہو گئی

شمالی وزیرستان میں دریافت شدہ گیس کی مقدار 5 کروڑ کیوبک فٹ یومیہ ہو گئی
June 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - گیس کی قلت اور مہنگی درآمدی گیس کے ستائے صارفین کیلئے اچھی خبر آ گئی۔ شمالی وزیرستان میں دریافت شدہ گیس کی مقدار 5 کروڑ کیوبک فٹ یومیہ ہو گئی۔

بنوں ویسٹ بلاک میں تیل و گیس کے دریافت شدہ ذخائر کے انتہائی حوصلہ افزا ابتدائی نتائج آنا شروع ہو گئے۔ ابتدائی ٹیسٹنگ میں بنوں ویسٹ میں پہلے کنویں سے اڑھائی کروڑ کیوبک فٹ گیس نکلی تھی۔

بنوں ویسٹ بلاک سے دریافت ہونے والی گیس اس بات کا مظہر ہے کہ کنویں میں گیس کا وافر ذخیرہ موجود ہے جبکہ کنویں سے یومیہ تین سو بیرل تیل بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔ ان ذخائر سے ملکی توانائی کی ضروریات پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ ترجمان ماڑی پٹرولیم کے مطابق دریافت شدہ گیس کو جلد ازجلد سسٹم میں لانے کیلئے کام شروع کر دیا ہے۔

ایم ڈی ماڑی پٹرولیم فہیم حیدر کے مطابق بنوں بلاک کے ہائیڈرو کاربن کے وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے تیزی سے کام جاری ہے۔ چیئرمین ماڑی پٹرولیم وقار احمد ملک نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے اس عظیم دریافت پر ماڑی پٹرولیم کے ایم ڈی اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔