Saturday, April 20, 2024

شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک
February 24, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گرد سمیت 7 شردت پسند عناصر ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر سمبازہ، بلوچستان میں آپریشن کیا، بھاگتے دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، شدید فائرنگ کے تبادلہ میں ایک دہشتگرد مارا گیا۔

دہشت گرد ملحقہ قبائلی اضلاع میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے ایک غار کو گھیرے میں لیا، چھپے دہشتگردوں نے فرار کی کوشش کی۔

ادھر دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، ہمزونی میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

مارے گئے دہشتگردوں سے سب مشین گنز، دستی بم، بارودی سرنگیں اور آلات بھی برآمد ہوئے، دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں، دہشتگرد کارروائیوں ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مقامی آبادی نے بروقت آپریشن کو سراہا، علاقے سے دہشتگردی خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا عزم اظہار کیا۔