لاہور (92 نیوز) - شکر گڑھ میں قتل اور ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب چھ رکنی ماما چنگڑ گینگ ہلاک ہو گیا۔
اشتہاری مجرموں کو اسامہ یونس نامی شہری نے اپنے ساتھی کی مدد سے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق اسامہ یونس اور ڈکیت گینگ کے سرغنہ کی آپس میں دوستی تھی۔ ملزمان نے ڈیڑھ ماہ قبل اسامہ کے گھر پر ہی ڈکیتی کی تھی۔
اسامہ یونس نے گزشتہ رات ملزموں کو نورکوٹ ریلوے اسٹیشن کے سامنے بلایا جہاں پر نشہ آور مشروب پلا کر فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزمان کا تعلق گوجرانوالہ شیخوپورہ، سیالکوٹ اور لاہور سے ہے۔ پولیس نے ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے واقعہ کا نوٹس لے کر آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ ڈی پی او نارروال نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدیں۔ کہتے ہیں جلد ملزموں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
ادھر اسامہ یونس اور اسکے نامعلوم ساتھی کیخلاف ایس ایچ او نور کوٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔