Sunday, May 5, 2024

عمران خان کی مخالفت چھوڑ دیں : شیخ رشید‘ علیحدگی میں بات کرنا : خورشیدشاہ

عمران خان کی مخالفت چھوڑ دیں : شیخ رشید‘ علیحدگی میں بات کرنا : خورشیدشاہ
November 9, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پارلیمنٹ کی راہداریوں میں منت تڑلوں کی سیاست شروع ہوگئی۔ شیخ رشید نے عمران خان کی حمایت کےلئے خورشید شاہ کے آگے ہاتھ جوڑ دیے۔ کہتے ہیں کہ شاہ جی عمران خان کی مخالفت چھوڑ دیں۔ ساری زندگی آپ کی عزت کروں گا۔ اپوزیشن لیڈر نے بھی علیحدگی میں بات کرنے کی گولی کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشیدویسے تو منجھے ہوئے سیاستدان ہیں لیکن عمران خان کی سیاست کے آگے کچھ چھوٹے نظر آتے ہیں اسی لیے تو میڈیا ہو یا جلسے اور ریلیاں ہر جگہ شیخ رشید کپتان کے گن گاتے ہیں۔ اب تو انہوں نے پارلیمنٹ کی راہداریوں میںبھی عمران خان کے قصیدے پڑھنے شروع کر دیے۔ معاملہ کچھ یوں ہے کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس ختم ہوا تو شیخ رشید نے چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ کو روک لیا۔ ہاتھ جوڑے اور عمران خان کی حمایت کےلئے التجائیں شروع کر دیں۔ ساتھ ہی شکوے شکایتیں بھی کر ڈالیں۔ کہنے لگے شاہ جی آپ اور فضل الرحمان بڑے لیڈر ہیں۔ آپ عمران خان کی مخالفت کیوں نہیں چھوڑتے؟ ۔”سینٹر فارورڈ“ نہ بنیں، نہ ادھر ہیں نہ ادھر۔ خان صاحب کی مخالفت چھوڑ دیں۔ ساری زندگی آپ کی عزت کروں گا۔ اس تمام گفتگو کے دوران حکومتی رکن جنید انوار چوہدری بھی موجود تھے۔ ان کی موجودگی کو خورشید شاہ نے عافیت جانا اور جان چھڑانے کےلئے کہہ دیا کہ شیخ صاحب ادھر مسلم لیگ (ن) والے بھی کھڑے ہیں۔ علیحدگی میں بات کریں گے۔ میں آپ کے ذریعے عمران خان کو پیغام دوں گا۔ یہ بول کر خورشید شاہ شیخ رشید کو ساتھ لے کر چلتے بنے۔