Sunday, September 8, 2024

شہری آئندہ عام انتخابات میں حق رائے دہی کیلئے ووٹ کا اندراج کرالیں، الیکشن کمیشن

شہری آئندہ عام انتخابات میں حق رائے دہی کیلئے ووٹ کا اندراج کرالیں، الیکشن کمیشن
October 15, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن نے پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں حق رائے دہی کے لئے فوری اپنے ووٹ کا اندراج کریں۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ 20 جولائی سے منجد انتخابی فہرستوں کو دوبارہ سے غیر منجمد کر دیا گیا ہے۔ اب 25 اکتوبر 2023 تک تمام اہل افراد جن کے پاس شناختی کارڈ موجود ہو وہ اپنے ووٹ کا اندراج کر سکتے ہیں۔ اگر کوائف یا ایڈریس میں کوئی غلطی ہو وہ بھی درست کی جا سکتی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نادرا کی جانب سے 8 لاکھ سے زائد افراد کو جاری شناختی کارڈ کا ڈیٹایکم اکتوبر کو نادرا سے حاصل کر لیا تھا جس کی ڈیٹا انٹری جاری ہے اور یہ تمام اہل افراد آئندہ عام انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ایسے تمام افراد جن کو 25 اکتوبر 2023 تک شناختی کارڈ جاری ہونگے انکے ووٹوں کے اندراج کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بطور رجسٹریشن آفیسر تعینات ہیں اور
ووٹ اندراج میں تمام افراد کو مکمل سہولت دی جارہی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ووٹ کا اندراج اور منتقلی فارم 21 پر ہوتی ہے جو الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام اہل پاکستانیوں بشمول خواتین، نوجوان، خصوصی افراد، اقلیتی برادری سے اپیل کی ہے کہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں۔ کیونکہ 25 اکتوبر کو ملک بھر میں تمام انتخابی فہرستوں کو منجمد کر دیا جائے گا۔