Sunday, May 5, 2024

شہنشاہِ جذبات اداکار محمد علی کو مداحوں سے بچھڑے 17 برس بیت گئے

شہنشاہِ جذبات اداکار محمد علی کو مداحوں سے بچھڑے 17 برس بیت گئے
March 19, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - شہنشاہِ جذبات اداکار محمد علی کو مداحوں سے بچھڑے17 سال بیت گئے۔ سحر انگیزشخصیت، منفرد انداز اور بارعب آواز سے انہوں نے لالی وڈ پر طویل عرصے تک راج کیا۔

طویل قامت اور گرجدار آواز کے مالک اداکار محمد علی نے اپنے فنی سفر کا آغاز ریڈیو پاکستان کے حیدرآباد اسٹیشن سے بطور صداکار کیا۔ 1962ء میں فلم ’’چراغ جلتا رہا‘‘ میں ولن کے طور پر بڑی سکرین پرانٹری دی۔ فلم کی خاص بات یہ تھی کہ اس کا افتتاح مادرِ ملت محترمہ فاظمہ جناحؒ نے اپنے ہاتھوں سے کیا تھا۔

اداکارمحمد علی کی بطور ہیرو پہلی فلم ’’شرارت‘‘ تھی، اس کے بعد محمد علی نے صائقہ، وحشی، آس، آئینہ اور صورت، انسان اور آدمی اور حیدر علی جیسی کامیاب فلمیں دیں۔

لازوال کرداروں اور خوبصورت اداکاری کے باعث محمد علی کو شہنشاہ جذبات کا خطاب بھی دیا گیا۔

محمدعلی نے کم و بیش تین سو فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں سے بیشتر میں ان کی ہیروئن ان کی اہلیہ زیبا تھیں۔

محمد علی اور زیبا نے "علی زیب" کے نام سے اپنا پروڈکشن ہاؤس بھی قائم کیا اور کئی کامیاب فلمیں بنائیں۔

محمد علی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں شاہ پہلوی ایوارڈ، 10 نگار ایوارڈز، صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی، تمغۂ امتیاز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

لیجنڈ محمدعلی 19 مارچ 2006ء کومداحوں کو سوگوار چھوڑ گئے، لیکن ان کی یادیں آج بھی چاہنے والوں کے دلوں میں بسی ہوئی ہیں۔