اسلام آباد (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو کچھ نو مئی کو ہوا وہ انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی۔ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر پولیس لائنز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کا پولیس لائنز آمد پر آئی جی اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے استقبال کیا۔
آرمی چیف نے اسلام آباد پولیس کے آفیسرز، جوانوں اور پولیس کے شہداء کے لواحقین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہدا جنہیں اللہ رب العزت نے حیاتِ جاوداں عطا فرما دی، اُن کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا، پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔
انہوں نے شہدا کے وارثین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج کے دن پاکستانی عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہدا کے بچوں کے سروں پر دستِ شفقت رکھتے ہوئے آرمی چیف نے اپنے جذبات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج شہداء کے تمام بچوں کی وارث ہے، شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت آپ سے ہمارا رشتہ مثالی اور ہمیشہ قائم رہنے والا ہے، پاک فوج ہمیشہ آپکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
دوسری جانب آرمی چیف نے سپاہی عمران شہید کی بیٹی کو آج جی ایچ کیو کی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا، کچھ دن قبل سپاہی عمران شہید کی بیٹی کے ویڈیو بیان نے پوری قوم کو اشکبار کر دیا تھا۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہر مشکل میں پاک فوج ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑی رہے گی۔۔ہماری نوجوان نسل خاص کر بچے ملک کے مستقبل کا معمار ہیں، پاک فوج آنے والی نسلوں کے لئے ملک میں امن و سلامتی کے قیام کی خاطر ہمیشہ اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔