Friday, April 26, 2024

شہبازشریف سے اختر مینگل کی ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

شہبازشریف سے اختر مینگل کی ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
February 26, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے سربراہ بی این پی سردار اختر مینگل کی ملاقات ہوئی، ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

میڈیا سے گفتگو میں شہبازشریف بولے تحریک عدم اعتماد لانے کا اصولی فیصلہ کرلیا، تیاری مکمل ہوتے ہی عوام کو بدتر حکومت سے نجات دلائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو دیگر ممالک سے اچھے تعلقات رکھنے چاہیئں لیکن نقل کیلئےعقل کی ضروری ہے۔ عوام اب ہاتھ اُٹھا کر اس نالائق حکومت سے چھڑکارے کی دعائیں کررہے ہیں۔

سردار اختر مینگل بولے کہ ملاقات میں بہت سی چیزوں پر اتفاق رائے ہوا ہے، بلوچستان کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا، بلوچستان کے مسائل جوں کے توں ہیں، اب تو ہمیں تبدیلی کے لفظ سے بھی چڑ ہوگئی ہے۔

سربراہ بی این پی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل مذاکرات میں ہے طاقت میں نہیں۔ بولے کہ اگر کوئی مجرم ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کیا جائے، گرفتار بے گناہ افراد کو رہا کیا جائے۔