شہبازشریف نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت پر فرد جرم قرار دیدی
لاہور (92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت پر فرد جرم قرار دے دی۔
اپوزیشن رہنماء نے ٹویٹر پیغام میں کہا عالمی ادارے نے دوسری بار گواہی دے دی کہ حکومت چور ہے، کرپٹ حکمران استعفی دیں اور عوام کی جان چھوڑیں، ملک انکی لوٹ مار کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا۔ عمران خان کی وزارت عظمیٰ میں پاکستان کرپشن میں ترقی کر رہا ہے۔ شہبازشریف نے پیغام میں نوازشریف کے دورِحکومت میں ملک میں کرپشن کم ہونے کا بھی بتایا۔
شہبازشریف نے کہا کہ ٹرانسپرنسی کی رپورٹ افسوسناک ہے، عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی، دنیا کہہ رہی ہے وزیراعظم چور ہے، مسلم لیگ ن کے دورمیں پاکستان کی رینکنگ میں بہتری آئی تھی، موجودہ کرپٹ ٹولے نے ساری محنت ضائع کردی، ہر شعبے میں کرپشن ہوئی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں۔ 2019ء سے 2021ء تک ہر سال پی ٹی آئی کے دور میں ملک میں کرپشن بڑھی۔ اگر وزیراعظم اور اس کی ٹیم ایماندار ہو تو اس کا اثر نیچے نظر آتا ہے۔