Saturday, May 18, 2024

شہبازشریف ابھی صبر کریں، جھوٹی گارنٹی پر آپ جیل جائیں گے، فواد چودھری

شہبازشریف ابھی صبر کریں، جھوٹی گارنٹی پر آپ جیل جائیں گے، فواد چودھری
January 8, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے شہبازشریف سے کہتے ہیں ابھی آپ صبر کریں، قانون کا تقاضا ہے جھوٹی گارنٹی پر آپ جیل جائیں گے۔

تحریک انصاف کے تنظیم سازی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ شہبازشریف وزیراعظم تو دور اگلی بار ایم این اے بھی نہیں بن پائیں گے۔ چھ سے آٹھ مہینے میں بڑی مچھلیاں تالاب سے باہر ہو جائیں گی، اگلے انتخابات میں یہ لیڈرشپ موجود نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے کیس میں بڑی بڑی ریکوریز ہوئی ہیں، سعودی عرب والا سسٹم ہمارا بھی ہوتا تو دیکھتے کیسے اربوں نکلتے۔

فواد چودھری نے کہا کہ لانگ مارچ اصل میں ان کا لونگ گواچا ہوا ہے، سارے چوں چوں کا مربہ ہیں، ان کے تو نظریات ہی نہیں ملتے۔ یہ اسلام آباد آجائیں، ہم انہیں علیحدہ علیحدہ خیمے لگا کر دیں گے۔

شہباز شریف کے خلاف کیس آئندہ ہفتے دائر کیا جائے گا، شفقت محمود

وفاقی وزیر شفقت محمود نے پریس کانفرنس میں کہا کہ شہباز شریف کو اپنی سیٹ کی فکر کرنی چاہئے، اپوزیشن لیڈر کے خلاف کیس آئندہ ہفتے دائر کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن میں بڑی بڑی مچھلیاں سیاسی میدان سے باہر ہو جائیں گے، اپوزیشن کی کوئی پالیٹکس نہیں، چوں چوں کا مربہ ہیں اسلام آباد آئیں انہیں الگ الگ ٹینٹ دیں گے۔

شفقت محمود بولے کہ مختلف سطح پر پارٹی ٹکٹ دیئے جائیں گے، جنوبی پنجاب میں بھی تنظیم سازی کی جائے گی۔ بڑی پارٹیوں میں اختلافات ہوتے ہیں، قیادت کا کام اختلافات ختم کرانا ہوتا ہے، یہ سیاسی عمل کا حصہ ہے اور یہ چلتا رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا تاثر دیا جارہا ہے جیسے ہمیں خیبرپختونخوا میں بری طرح شکست ہوئی۔ حقیقت میں دیکھا جائے تو تحریک انصاف کو بلدیاتی انتخابات میں زیادہ ووٹ پڑے۔ بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کا اثر عام انتخابات پر نہیں پڑتا۔

شفقت محمود نے مزید کہا کہ کورونا سے حالات زیادہ خراب ہوئے تو تعلیمی ادارے بند کرنا پڑیں گے۔