Saturday, May 18, 2024

شہباز شریف نے وزرا کے بغیر ایوان چلانا وقت کا ضیاع قرار دے دیا

شہباز شریف نے وزرا کے بغیر ایوان چلانا وقت کا ضیاع قرار دے دیا
January 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزرا کے بغیر ایوان چلانا وقت کا ضیاع قرار دے دیا۔

شہباز شریف نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران کہا بلاول بھٹو نے منی بجٹ کا احاطہ کیا مگر سرکاری بینچز خالی ہیں۔ ہر روز حکومت نااہلی کا اپنا سابقہ ریکارڈ توڑتی ہے اور ایک نیا ریکارڈ قائم کرتی ہے۔ ایک من گندم کی قیمت 2600 روپے کی بلند ترین سطح پر ہونا عوام سے روٹی کا نوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔ 74 سال میں گندم کی اوپن مارکیٹ میں قیمت کبھی بھی اتنی نہیں بڑھی تھی لیکن پی ٹی آئی مہنگائی کی تبدیلی لے آئی 15 کلوآٹے کے تھیلے کی ایکس مل کی قیمت بڑھ کر 1100 ہونا پی ٹی آئی کے عوام پر ظلم کی لامتناہی سلسلہ کی ایک اور کڑی ہے۔ ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات اس کے علاوہ وصول کئے جارہے ہیں۔ عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا 15 کلو آٹے کا تھیلا عام صارفین کو 1160 روپے میں فروخت ہونا ظلم نہیں تو اور کیا ہے۔ دسمبر میں مہنگائی کی شرح پہلے ہی 12.3 فیصد سے بڑھ چکی ہے جبکہ جنوری میں 13 فیصد سے بڑھنے کی پیش گوئی ہے۔ منی بجٹ ابھی منظور نہیں ہوا لیکن اس کے مہلک اثرات مہنگائی کی صورت آنے لگے ہیں۔

حماد اظہر کی تقریر کے دوران رانا ثنا اللہ نے کورم کی نشاند ہی کر دی۔ اپوزیشن ارکان کورم کی نشاندہی کے ساتھ ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔ ڈپٹی اسپیکر نے کورم پورا ہونے تک اجلاس کی کارروائی ملتوی کر دی۔