لاہور (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کے مشیرداخلہ و احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے شہباز شریف کی تمام اپیلیں مسترد ہو گئیں۔
شہزاد اکبر نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا بینکنگ کورٹ نے عدالتی حدود کا تعین کر دیا۔ اگلے مرحلے میں کیس اینٹی کرپشن عدالت میں جائے گا۔ منی لانڈرنگ میں بینکرز کے خلاف ثبوت نہیں ملے۔ بینکرز نے شریف فیملی کے ایما پر اکاؤنٹس کھولے۔ ان کے خلاف کیس اسٹیٹ بینک کو بھیج دیا ۔ شہباز شریف کی اقتدار میں آنے کیلئے بھی درخواست بازی رد ہو گئی۔
انہوں نے کہا شہباز شریف نے چند روز قبل لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ یہ طے ہے شہباز شریف منی لانڈرر ہیں۔ کبھی کہتے ہیں ہمارا کیس نیب کو بھیج دیں ،کبھی کہتے ہیں وہاں سے نکالا جائے۔ شہباز شریف کو سوالوں کے جواب دینے چاہئیں۔ شہبازشریف کہتے ہیں کاروبار کا معاملہ بچوں سے پوچھا جائے۔ رمضان شوگر ملز بچوں نے نہیں بلکہ شہباز شریف نے بنائی۔ رمضان شوگر ملز آکسفورڈ والوں نے بچوں کو بنا کر نہیں دی۔ شہباز شریف اسمبلی میں گھنٹہ گھنٹہ بھاشن دیتے ہیں۔ شہباز شریف بورس جانسن جیسا ہی جواب دے دیں۔ آپ دنیا کی ہر بات کرتے ہیں لیکن سوالوں کا جواب نہیں دیتے۔