Friday, April 19, 2024

شہباز شریف کی پی ٹی آئی کے ارکان مستعفی کروا کر ن لیگ کی جانب سے الیکشن لڑوانے کی تجویز

شہباز شریف کی پی ٹی آئی کے ارکان مستعفی کروا کر ن لیگ کی جانب سے الیکشن لڑوانے کی تجویز
February 24, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) شہباز شریف نے اپوزیشن قائدین کو پی ٹی آئی کے 10 سے 15 ارکان کو مستعفی کروا کر ن لیگ کی جانب سےالیکشن لڑوانے کی تجویز دے دی۔

اپوزیشن نے حکومت گرانے کی 2 رخی حکمت عملی تیار کر لی۔ شہباز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے تجویز پیش کی کہ ناراض ارکان سے استعفیٰ دلوائیں اور حکومت سے اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے کہیں، جس کو مولانا اور سابق صدر نے قبول کر لیا۔ تینوں قائدین کے اجلاس میں وزیر اعظم کیخلاف قانونی، آئینی پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد یا اعتماد کا ووٹ لینے کا پلان تیار کر لیا گیا۔ شہباز شریف نے 10 سے 15 حکومتی ارکان کے استعفوں کی تجویز دی۔ شہبازشریف نے تجویز کی کہ عدم اعتماد کی بجائے وزیر اعظم کو اعتماد کے ووٹ کے ذریعے چلتا کیا جائے۔ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان ایوان میں استعفوں کا اعلان کریں جس سے وزیر اعظم اعتماد کھو دیں گے۔ حکومت گرنے کے بعد منحرف ارکان کو مسلم لیگ ن ٹکٹس دے گی۔ مستعفی ہونے والے ارکان کو ضمنی انتخابات میں دوبارہ منتخب کرایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر نے کہا اعتماد کا ووٹ لینے کا آپشن استعمال ہوا تو منحرف ارکان متحدہ اپوزیشن کے امیدوار ہونگے۔ تین ماہ بعد الیکشن ہوئے تو ان ارکان کے حلقوں میں ترقیاتی کام ہو گا۔ شہباز شریف کی تجویز پر آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے مکمل اتفاق کیا۔ پلان ن لیگ کے قائد نے بھی سراہا ہے۔