Saturday, May 18, 2024

شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ، خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی

شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ، خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی
January 12, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی۔ شہبازشریف نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔

مولانا اسعد محمود سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں پی ڈی ایم کی تحریک کے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

شہباز شریف نے گفتگو میں کہا مولانا فضل الرحمان سے کافی عرصہ سے ملاقات نہیں ہوئی تھی۔ مولانا فضل الرحمان کو خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات میں جیت پر مبارکباد دی اور کہا آپ نے پہلے مرحلے میں پی ٹی آئی کو شکست فاش دی۔ پی ڈی ایم کو مشاورت کے ساتھ 25 جنوری کے قریب سربراہی اجلاس بلانے پر اتفاق ہوا ہے۔ اجلاس میں مہنگائی مارچ اور تنظیمی امور پر گفتگو ہو گی۔ ملکی صورتحال پر بھی مشاورت ہو گی۔

شہباز شریف بولے حکومت کے ظالمانہ اقدامات اور منی بجٹ کے نئے طوفان سے متعلق گفتگو ہوئی۔ طے کیا کہ متحدہ اپوزیشن ملکر اسکا مقابلہ کرے گی۔ 74 سال میں پاکستان اپنے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔ معاشی چیلنجز ہوں، خارجی مسائل ہوں یا مشکل حالات ہیں، میں نے 74 سال میں تحریک انصاف سے زیادہ نااہل حکومت نہیں دیکھی۔ وقت آگیا ہے کہ تمام آئینی، قانونی اور سیاسی ہتھیار استعمال کئے جائیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا تحریک عدم اعتماد پر مولانا فضل سے بات ہوئی ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر پی ڈی ایم اجلاس میں معاملہ زیر غور لائیں گے۔ انشاءاللہ اس آپشن پر غور کرکے اتفاق رائے سے چلیں گے۔