Wednesday, January 19, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

شہباز شریف کی بیٹی اور داماد علی عمران اشتہاری قرار

شہباز شریف کی بیٹی اور داماد علی عمران اشتہاری قرار
January 12, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف کی بیٹی اور داماد علی عمران کو اشتہاری قرار دے دیا۔

پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی، ایرا اور سرکاری محکموں کے فنڈز کی خورد برد کے کیس میں  احتساب عدالت نے شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد علی  عمران  کو اشتہاری قرار دے دیا۔ رابعہ عمران اور علی عمران کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔

احتساب عدالت  نے رابعہ عمران اور علی عمران کی جائیداد قرق کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔ احتساب عدالت نمبر دو کے جج نسیم احمد ورک نے فیصلہ سنایا۔

رابعہ عمران اور دیگر ملزموں کیخلاف  نیب نے ریفرنس دائر کر رکھا ہے ۔ ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ رابعہ اورعلی عمران پر بطور مالک فاطمہ ڈویلپرز مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام ہے۔ ریفرنس میں منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

نیب کا مؤقف ہے کہ ارتھ کوئیک ری کنسٹرکشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی کے فنڈز فاطمہ ڈویلپرز کو منتقل کئے گئے۔ رابعہ اور علی عمران  کو مسلسل عدم پیشی پر اشتہاری قرار دیا گیا۔ اس سے قبل صاف پانی کمپنی  کیس میں بھی وہ  اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں۔